ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کے دلت رہنما کی شکایت درج کرنے سے اُترپردیش پولس کا انکار؛ سی ایم یوگی نے بھی کیا گیٹ آوٹ؛ پی ایم مودی کو لکھا خط

بی جے پی کے دلت رہنما کی شکایت درج کرنے سے اُترپردیش پولس کا انکار؛ سی ایم یوگی نے بھی کیا گیٹ آوٹ؛ پی ایم مودی کو لکھا خط

Fri, 06 Apr 2018 12:56:09    S.O. News Service

نئی دہلی،6؍اپریل( ایس او نیوز ) دلتوں کے احتجاج کے بعد  بیک فٹ پر چل رہی بی جے پی  کو اب اپنے ایک اور رکن پارلیمان  کی ناراضگی جھیلنی پڑ رہی ہے۔ اور اب بی جے پی کے اندر ہی دلت لیڈران  اپنے احتجاج کی آواز کو   بلند کرنا شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں بہرائچ کی رہنما ساویتری بائی پھلے ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کو لے کر اپنی ہی حکومت کی تنقید کی تھی۔اب اس میں ایک  نیا نام بی جے پی کے رابرٹس گنج کے  رکن پارلیمان  چھوٹیلال کا  بھی جڑ گیا ہے جنہوں نے  الزام لگایا ہے کہ وہ ایک رکن پارلیمان ہونے کے بائوجود اُترپردیش میں اُن کی شکایت پولس تھانہ میں درج نہیں کی جارہی ہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ اُترپردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے اوررکن پارلیمان کا تعلق بھی  بی جے پی سے ہے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد یوگی سرکار پر سوالات اُٹھنے شروع ہوگئے ہیں کہ  ایک دلت ہونے کے ناطے  بی جے پی کے رکن پارلیمان کی شکایت اُترپردیش کی پولس نے درج کرنے سے انکار کردیاہے تو ریاست میں عام لوگوں کا کیا حال ہوگا ۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے چھوٹے لال نے بتایا کہ  کچھ روز قبل اُن پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے پولس تھانہ میں شکایت درج کرنے کی کوشش کی تھی، مگر پولس نے اُن کی شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے اوپر ہوئے حملہ کی شکایت کرنے داروغہ سے لے کر ڈی جی پی تک گئے، مگر کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ  اُترپردیش سمیت  مرکز  میں بھی آپ کی (بی جے پی) کی حکومت ہے پھر بھی  آپ کی  نہیں سنی جارہی ہے  تو پھر عام  لوگوں کے ساتھ  کیا ہورہا ہوگا تو انہوں نے اپنی مجبوری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ  وہ چونکہ دلت ایم پی ہیں اس لئے  سرکاری آفسران ان کی نہیں سن رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو قبول کیا کہ جب ہمارے ساتھ ایسا ہورہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا جاتا ہوگا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک رکن پارلیمان ہوں اور میرا معاملہ پولس تھانہ میں درج نہیں کیاجارہا ہے، ایسے میں دلتوں کے لئے  قانون  میں مزید نرمی لائی جارہی ہے تو اتنے سے ہی اندازہ لگایا جانا چاہئے کہ آگے مزید کیا ہوگا۔ 

بتایا گیا ہے کہ محکمہ پولس کی  شکایت کرنے جب چھوٹے لال اُترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ  کے پاس پہنچے  تو  یوگی نے  ان کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے اُنہیں ڈانٹ کر بھگادیا، چھوٹے لال نے اب  وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر یوگی آدتیہ ناتھ  پر ان کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔اور اپنے خط میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ یوگی نے  ان کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے اُنہیں ڈانٹ کر بھگا دیا۔


Share: